جمعرات 6 اگست 2026 - 09:32
امام حسینؑ نے انسانیت کو ظلم و جبر کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا: حجت الاسلام مسرور عباس انصاری

حوزہ/اربعین حسینی کی مناسبت سے سجاد آباد چھتہ بل، سرینگر جموں وکشمیر میں ایک عظیم مجلسِ عزاء منعقد ہوئی؛ مجلس سے مولانا مسرور عباس انصاری نے خطاب کیا، جبکہ مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر جموں وکشمیر کے سجاد آباد چھتہ بل میں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے اربعین کی مناسبت سے مجلسِ اربعین حسینیؑ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں عزادارانِ امام حسینؑ نے بھرپور شرکت کی۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے واقعۂ کربلا کے عالمگیر پیغام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے انسانیت کو ظلم و جبر کے سامنے سر نہ جھکانے، حق و صداقت پر ثابت قدم رہنے اور دینِ اسلام کی حقیقی روح کو زندہ رکھنے کا درس دیا۔

مولانا نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ اگر کوئی شخص اپنے معاشرے میں کسی بھی قسم کی ناانصافی، ظلم، برائی یا غلط کام کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھے اور اس کے باوجود خاموش رہے، تو وہ بھی اس برائی کے پھیلنے میں برابر کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاموشی بعض اوقات ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف بن جاتی ہے، اس لیے ہر فرد کو حکمت، اخلاق اور ذمہ داری کے ساتھ حق کا ساتھ دینا اور باطل کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ امام حسینؑ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں، معاشرے میں اتحاد، اخوت، بھائی چارے اور دینی اقدار کو فروغ دیں اور ہر حال میں حق، انصاف اور سچائی کا ساتھ دیں۔

مجلس کے اختتام پر جلوسِ ذوالجناح برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عزاداران نے نوحہ خوانی، سینہ زنی اور پرسہ داری کے ذریعے حضرت امام حسینؑ، حضرت عباسؑ اور دیگر شہدائے کربلا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا اپنے اختتامی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔

آخر میں عالمِ اسلام، ملک و ملت، اتحادِ امت اور تمام مومنین و مومنات کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha